لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے قرآن پاک کے ترجمہ سے متعلق کیس میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو 8 نومبر کو طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قرآن پاک کا درست ترجمہ نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی اور نہ 5 مارچ 2019 کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے لہذا عدالت فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈی جی ایف آئی اے پیش نہ ہوئے۔ جسٹس شجاعت علی خان نے ڈی جی ایف آئی اے کے عدلت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دئیے کہ انگریز کو گئے 73 برس گزر گئے لیکن آج بھی ہم ادھر ہی کھڑے ہیں، عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا اور نہ ڈی جی ایف آئی اور نہ پی ٹی اے کی طرف سے کوئی پیش ہوا کیوں نہ وزیراعلی پنجاب کو طلب کیا جائے۔
جسٹس شجاعت علی خان نے 8 نومبر کو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو طلب کرلیا اور آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔