امام حسین کی قربانی ہر ظالم کی مزاحمت اور اس سے نجات کی جدو جہد کا درس دیتی ہے ،منعم ظفر خان


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ”پیغام ِ شہادت حسین کانفرنس” سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسین اور ان کے خانوادے کی عظیم قربانی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ جب بھی اسلام کی  بنیادوں پر کوئی حملہ آور ہو اور ظلم و جبر کی بنیاد پر جمہور کی رائے کو پامال کیا جائے تو ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وقت کے یزید اور  ہر ظالم کے خلاف مزاحمت اور اس سے نجات کی جدو جہد کرے ۔ حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ نے77سال سے ملک کے عوام پر ظلم ڈھایا ہوا ہے ، ساری مراعات ، سہولیات اور شاہ خرچیاں خود اپنے لیے رکھیں اور ٹیکسوں کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا، ہر حکومت نے عالمی مالیاتی اداروںسے قرض لیا اور اپنی نا اہلی اور کرپشن کی نذر کیا ۔ عوام کو ان قرضوں کا کوئی فائدہ نہ ہوا بلکہ ملک کا بچہ بچہ ان قرضوںمیں جکڑ گیا ہے ۔جماعت اسلامی عوام پر ظلم و جبر اور استحصال کے خاتمے اور عدل و انصاف کے نظام کے قیام کی جدو جہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کی ”حق دو کراچی کو ”  اور قومی سطح پر ”حق دو عوام کو ” تحریک اسی جدو جہد کا تسلسل ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوام کو زبردستی مسلط کردہ حکمرانوں کے ظلم سے نجات اور ان کا حق دلانے کے لیے جمعہ 26جولائی کو اسلام آباد میں ”تاریخی دھرنا” دیا جائے گا ۔ جماعت اسلامی علاقہ صفورہ کے زیر اہتمام شہادت امام حسین کانفرنس سے ناظم علاقہ صفورہ احمد فہیم عثمانی، معتمد علاقہ حماد بھٹو، چیئرمین یوسی 5 نعمان الیاس اور معروف خطیب پروفیسر رحمت اللہ احسن نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان کی آمد پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اصغر گبول اور ممتاز اجن نے سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی بھی موجود تھے ۔#