لاہور (صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینئر غلام محمد صفی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کے لئے عالمی سطح پر جدوجہد میں تیزی لائے اور کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے لئے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرے تاکہ بھارت پر دباؤ بڑھایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو خدشہ ہے کہ اگر وہاں رائے شماری کروائی تو کشمیر میں بسنے والے مسلمان ہی نہیں سکھ برادری بھی کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں فیصلہ دے گی اور کشمیر اس کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات پر کشمیریوں کو کوئی اعتراض نہیں لیکن کشمیر یوں کے مستقبل سے متعلق جب تک مذاکرات میں کشمیری شامل نہ ہوں گے تسلیم نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ الحاق کشمیر کے حوالے نکالی گئی ریلی کے بعد مال روڈ پنجاب اسمبلی کے سامنے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری،تحریک انصاف کے غلامی محی الدین دیوان،تحریک استحکام پاکستان پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب شعیب صدیقی،پیلز پارٹی سے ڈاکٹر عاصم،مسلم کانفرنس سے وحیدالدین اور دیگر سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
غلام محمد صفی نے ریلی میں شرکت کرنے والے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے ریلی میں شرکت کر کے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مسلہ کشمیر پر پاکستان کی پوری قوم ایک ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ مودی کی جانب سے کشمیر کے سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوئی حثیت نہیں ہے اور کشمیر کا واحد حل وہاں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کے رائے شماری کے زریعے اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دینے میں ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کر دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ امریکہ اور بھارت کے دبائو پر پاکستان میں جن جماعتوں یا ان کے رہنماؤں بشمول حافظ سعید پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کے ہاتھ کھولے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری دراصل تکمیل پاکستان کے ادھورے ایجنڈہ کو مکمل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ،کشمیر کل بھی پاکستانی تھے اور آج بھی پاکستانی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا واحد حل جہاد فی سبیل اللہ ہے۔
ہمارے حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔ مودی کے یاروں نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے مسلمان کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما غلامی محی الدین دیوان نے اعتراف کیا کہ جب مودی نے مقبوضہ کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کی ہماری حکومت سے کوتاہیاں ہوئیں ہیں جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کا پاکستان سے الحاق تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے جو ہر حال میں مکمل ہو کر رہے گا۔مسئلہ کشمیرا ور فلسطین کے حوالے سے ہمارے حکمرانوں کو سمجھنا ہو گا ۔ امریکی اشربادسے ہی مودی سرکاری نے 1809دن سے کشمیر میں اور اسرائیل نے 287 روز سے فلسطین میں کھلے عام دہشتگردی جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی امن کے اداروں کی بے حسی اور مجرمانہ کردار نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کو اب تک بری طرح مایوس کیا ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ مطا لبہ عالمی عدالت انصاف کشمیر یوں اورفلسطینیوں پر ظلم بند کروائے اور اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرائے