19جولائی جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔مسرت عالم بٹ


نئی دہلی— کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ نے 19 جولائی کو کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ تاریخی تاریخ ہے جب کشمیری قیادت نے متفقہ طور پر اپنے مستقبل کو ابھی پیدا ہونے والی ریاست پاکستان سے جوڑنے کا فیصلہ کیا۔ الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے۔

یوم الحاق کشمیر کے موقع پر بھارت کی بدنام تہارجیل سے جاری ہونے والے اپنے پیغام میں مسرت عالم بٹ نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے19جولائی 1947کو سرینگر کے علاقے آبی گزر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر جموںوکشمیر کے پاکستان کیساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور سیاسی مستقبل کی وابستگی کے اظہار کیلئے ہر سال 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر بھر پور طریقے سے مناتے ہیں اور الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے،کشمیری عوام مملکت خداداد پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار شہیدوں کی سبز پرچم میں تدفین ، مظاہروں میں پاکستانی پرچم لہرانا ، پاکستان سے رشتہ کیا لالہ الا اللہ کے نعرے اور 1947 سے 2024 تک پاکستان کے ہر قومی دن کو جوش و جذبے سے منانا شامل ھے انہوں نے کہا کہ بھارت یا کوئی اور طاقت کشمیریوں کے دلوں سے یہ محبت ختم نہیں کرسکتی ،چیرمین حریت کانفرنس نے کہا کہ جموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ایک روز ضرور ختم ہو گا اور جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا،

کشمیری قوم کی بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوںبڑے پیمانے پر قتل و غارت، ہلاکتیں اور تباہی دیکھی ہے۔ حق خودارادیت کے لیے دہائیوں کی طویل جدوجہد کے دوران لاکھوں افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں معذور بنا دیا گیا جبکہ بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔انہوں نے عالمی ضمیر کی کشمیریوں کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ انصا ف پسند اقوام کو اب آگے آکر اپنا کردار اداکرنا چاہیے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرکے خطے کے پائیدار امن کو یقینی بنانا چاہیے، کشمیریوں کے جاری جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہوکر کشمیری آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل کریں گے،