جماعت اسلامی سندھ نے پٹرول قیمتوں میں اضافہ کی مذمت اور عوام دشمن فیصلہ قراردے دیا

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے فارم 47کی پیداوار شریف حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیٹرول بم گرانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ ظلم قراردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کی خاطر فیصلہ واپس لیا جائے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایک ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 02بار اضافہ حکومتی بے حسی اور عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پہلے ہی عوام کمر توڑ مہنگئای،بدامنی، مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسز سے تنگ آچکے تھے

اب پیٹرول قیمتوں میں اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا کیونکہ پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے مسافرگاڑیوں ٹرانسپورٹ رکشہ ٹیکسی سمیت روزانہ استعمال میں آنے والی اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جس سے عام آدمی سخت متاثر ہوتا ہے۔عوام کو 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے والے فراڈی حکمرانوں نے 02سال کے دوران بجلی فی یونٹ 23روپے تک اضافہ کردیا ہے، بجلی بلوں میں مسلسل اضافے سے بجلی کے بل عوام کیلئے موت کا پروانہ ثابت ہورہے ہیں مگر بے شرم حکمرانوں کو اس کا ذرہ برابر احساس نہیں ہے  ایسے ظالمانہ اقدامات کے خلاف جماعت اسلامی 26جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے رہی جس میں ملک بھر سے اورہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے افراد شرکت کریں گے۔