امام حسین کی قربانی ظلم کے خلاف جدو جہد کی مثال ہے ، جاوداں فہیم

کراچی(صباح نیوز) اقتدار کا چند خاندانوں تک محدود رہنا اسلامی  تعلیمات و دستور کے منافی ہے سیدنا امام حسین کی  قربانی  اور کردار ظلم کے خلاف جدوجہد کی مثال ہے۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ آج بھی کئی صدیاں گزرنے کے باوجود پوری دنیا میں خرابی کی جڑ اقتدار کا چند لوگوں کے ہاتھوں میں ہی گردش کرنا ہے۔سرمایہ دارانہ نظام میں غریب عوام پستے رہتے ہیں اور کچھ لوگ دولت اور اقتدار کے مزے اُڑاتے ہیں۔

مملکت خداداد پاکستان کو بھی اس وقت نئی عوامی، دیانت دار اور اللہ سے ڈرنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  بے شمار وسائل سے مالامال ملک آج آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے جس کی وجہ سیاستدانوں وڈیروں جاگیرداروں کی نسل در نسل حکومت ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو اسلام کے نظام رحمت کا سکون دیا جائے اور سودی معیشت اور ملوکیت سے جان چھڑائی جائے۔