کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصر اللہ چنہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضہ نے اپنی اور اپنے خاندان کی کربلا میں قربانی دے کر رہتی دنیا تک ثابت کر دیا کہ جب حدود اللہ کی پامالی ہو یا فسق و فجور کی حکمرانی ہو تو کسی مداہنت سے کام نہیں لیا جا سکتا ۔دورحاضر کے یزیدوں کیخلاف میدان میں نکلنا حضرت امام حسین کی سنت ہے۔اسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے حافظ نعیم الرحمان سالارکاراوں بنکرمیدان میں نکل کھڑے ہوئے ہیں ۔26جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں حکمرانوں کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف عوامی دھرناتاریخی وفیصلہ کن ہوگا۔
وہ قاضی احمد ولیج اللّٰہ بخش لاشاری جونو گوٹھ کے مدرسہ تفہیم الاسلام الحسانیہ میں شہادت حضرت اما حسین رضہ کانفرنس اور دستار فضیلت کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں علاقہ کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی ، مولانا نور محمد جونو ، مولانا جنید الرحمن منصوری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما حافظ نصر اللہ کا مذید کہنا تھا کہ غزوہ بدر سے کربلا تک شہادتوں نے اسلام کو عزم نو بخشا ہے جس کے نتیجے میں افغانستان ، مصر، بنگلہ دیش اور اب بظاہر فتح و شکست سے بے نیاز ہو کر غزہ اور فلسطین میں حماس اور وہاں کے لوگ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لیے اسرائیل سے نبرد آزما ہیں اور جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی اسلامی حکومت کے قیام اور عوام کو ظالمانہ نظام حکومت سے چھٹکارا دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ایک جانب سودی نظام نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے دوسری طرف بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور ٹیکسوں کی بھرمار نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے بعد ازاں مدرسہ سے فارغ التحصیل طلبہ کی دستاربندی کی گئی۔#