شہادت امام حسین کا سبق ہے کہ جبر سے سمجھوتہ کرنا بجائے خود ایک جرم ہے۔ رخشندہ منیب

 کراچی (صباح نیوز) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہا کہ حضرت امام حسین کی جان نثاری اور ان کی قربانیوں کی روح فرسا داستان سے جہاں ایک طرف ہمیں قربانیوں کا بے مثال سبق ملتا ہے  وہیں دوسری طرف یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ  ہم کبھی باطل کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکیں۔

محرم الحرام شہادت امام حسین کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں  انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی اور ان کا اسوہ ایک ایسی زندہ حقیقت ہے جو نہ صرف اسلامی تاریخ بلکہ پوری انسانیت کے لیے روشنی کا معیار ہے۔ حضرت حسین ابن علی اور ان کے ساتھیوں کی اس عظیم قربانی کا مقصد آمریت و ملوکیت کا انکار اور اسلامی دستور کی اہم ترین شق خلافت و شورائیت کا تحفظ تھا ۔ امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی اور ان کے اصولی موقف کو سمجھنا آج کے معاشرتی اور سیاسی حالات میں بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے یہ عزم و جرات کی ایک ایسی مثال ہے جو یہ سبق دیتی ہے کہ  ظلم اور نا انصافی کے خلاف کس طرح کھڑا ہونا چاہیے ۔

ناظمہ صوبہ نے کہا کہ شہادت امام حسین نے دنیا کو بتا دیا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا, جبر سے سمجھوتہ کرنا بجائے خود ایک جرم ہے جو نہ صرف اس ملک کے لیے بلکہ عالم انسان انسانیت کے لیے وبال بن جاتا ہے اور انسانی وقار کی توہین ایسے انتشار کا باعث بنتی ہے جس کا قابو میں انا ممکن نہیں ہوتا ۔