مظفرآباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے اسلام آباد میں فیصلہ کن دھرنا دے گی جبکہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان،مشرقی تیمور آزاد ہو سکتے ہیں تو کشمیر کیوں نہیں ہو سکتا۔اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے،
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے 50 ویں یوم تاسیس اور شہدائے کشمیر کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان،ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی شاہد حمید، امیر ضلع راجہ آفتاب احمد خان، امیر شہر سید نذیر شاہ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر شہداء کے ورثاء اور جماعت اسلامی کے بزرگوں کو شلیڈز پیش کی گئیں۔جماعت اسلامی اپنے قیام کے50 برس مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منا رہی ہے اس حوالے سے بھی شیلڈز پیش کی گیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے لاکھوں جانوں کے نذانے پیش کیے ہیں کشمیری حق خودارادیت کے سوا کسی مسلط حل کو قبول نہیں کریں گے، پاکستان کے 25 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں، مودی ناکام ہو چکا ہے، غزہ میں اسرائیل شکست کھا چکا ہے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے جذبے کو دیکھ کر قرون اولی کی یاد تازہ ہو جاتی ہے کشمیر اور فلسطین کے مسائل دنیا میں امن کی کنجی ہے، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی جدوجہد اب ثمر لا رہی ہے،
جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں جلد تبدیلی لائے گی، پاکستان کے اندر بھی جلد حقیقی تبدیلی آئے گی۔ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں اس کے قیام سے لے اکر اب تک اس کا حصہ رہاہوں جماعت اسلامی کسی کو کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کرنے دے گی،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی نصف صدی پر محیط کشمیر کی آزادی اورعوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی جدوجہد تاریخ کا شاندار باب ہیں،جماعت اسلامی نے 50 برسوں میں وہ کام بھی کیے ہیں جو حکومت کی ذمہ دارایاں تھیں۔صحت تعلیم ریلیف اور خدمات کے میدانوں میں بے بہا خدمات سرانجام دیں۔ہزاروں یتیم بچوں کی تعلیم اور کفالت سمیت ہزاروں خواتین کو روزگار دینے سمیت ان کو ہنر مند بنا کر اپنے پاون پر کھڑا کیا تحریک آزادی کشمیر میں وہ کارہائے نمایاں سرانجام دئے جس پر پوری قوم فخر کررہی ہے۔
جماعت اسلامی کے تیار کر دہ نوجوانون نے 15 لاکھ قابض ہندوستان کی فوج کو شکست سے دو چار کر دیاتھا، جنرل پرویز مشرف یوٹرن نہ لیتے تو کشمیری آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہوتے، جماعت اسلامی کے بانیان مولانا عبدالباری کرنل رشید عباسی،عبدالرشید ترابی، سردار اعجاز افضل،ڈاکٹر خالد محمود خان سمیت تمام قائدین کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ 76برسوں سے آزاد خطوں پرمسلط نااہل قیادت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔عوام ہر گرزتے دن کے ساتھ مسائل کا شکار ہو رہے ہیں،بے روزگاری بڑھ رہی ہے،رشوت کرپشن اور اقرباء پروری عروج پر ہے،تعمیراتی کام ٹھپ ہیں،منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز فراہم کرنے سے اجتناب کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ یوں تو پوری ریاست مسائلستان کا نقشہ پیش کررہی ہے لیکن مظفر آباد جو آزاد کشمیر کا دارالحکومت ہے مسائل کا شکار ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے چند ہزار مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کے حکومت مہاجرین کے مسائل ہنگامی بنیادوںپر حل کرے۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ میں باب الجہاد مظفرآباد سے مودی کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ طاقت کی بنیادپر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتااورمقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ جب تک ہماری گردنوں پر سر سلامت ہیں آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے پاکستان کی 25کروڑ عوام کو آپ کی پشت پر لائیں گے۔پاور پالیٹکس نے مسئلے کو خراب کیا ہے موروثی سیاست کا خاتمہ کریںگے۔جنوبی سوڈان،مشرقی تیمور آزاد ہو سکتے ہیں تو کشمیر کیوں نہیں ہو سکتا۔اقوام متحدہ اوآئی سی اور یورپی یونین اپنا کردار ادا کریں۔مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے اسے آزادی دلانا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔