پاکستان اور آذربائیجان کا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور آذربائیجان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) سے اعلامیہ کے مطا بق آذربائیجان کے اعلی سطحی سرکاری وفد نے وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصد ق ملک کی زیر قیادت پاکستانی وفد سے ملاقات کی۔ آذربائیجا ن کے وفد کی قیادت وزیر توانائی پرویز شہبازوف کر رہے تھے۔وفد میں آذربائیجان کے نائب وزیر معیشت صاحب ممدوف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی یوسف عبدالائیف ،آذربائیجان کی سرمایہ کاری کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الوی منصوروف، مشیر برائے وزیر ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ ایلچن ممدوف، ساکر ٹریڈنگ کے گلوبل بزنس ڈویلپمنٹ کے سربراہ توگرال کوچارلی، انویسٹمنٹ پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر سپیشلسٹ امین گلیئیف جبکہ پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور وفاقی سیکرٹریز شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہب، اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ ملتان کاروان سرائے، صدیوں پرانے رشتے کا ثبوت ہے۔ پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اقتصادی روابط کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں تجارتی منڈیوں کے فروغ اور وسطی ایشیا سے یورپ تک پھیلی ہوئی اقتصادی راہداریوں میں شراکت دار بننے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کان کنی اور معدنیات بالخصوص سونے اور تانبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کاذکر کیا، آذربائیجان کو کان کنی میں مہارت حاصل ہے، وہ اس شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔ملاقات میں تیل و گیس کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان توانائی کی طلب کا بہت بڑا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر آئی ٹی کی صلاحیت بالخصوص مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، انسانی وسائل کی تربیت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بجلی سردار اویس خان لغاری نے بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا جس میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری زیادہ منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے آذربائیجان کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں کو سراہا۔

انہوں نے نجی شعبوں کیلئے جامع بریفنگ کی اہمیت پر زور دیا۔آذربائیجان کے وفد نے اس سلسلہ میں پیش کی جانے والی تجاویز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان ورکنگ گروپس کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پرویز شہبازوف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پر پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ورکنگ گروپس کے جلد اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی وفد نے پاکستان میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری اور اس معاملے پر تیز ی سے پیش رفت کے لئے اپنے مکمل عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے فوکل پرسنز مقرر کرنے، منصوبوں کے انتخاب اور انہیں منظوری کے لئے جلد قیادت کے سامنے پیش کرنے پر اتفاق کیا۔۔