مسلسل ریکارڈ توڑتی مہنگائی ناقابلِ برداشت ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلسل ریکارڈ توڑتی مہنگائی ناقابلِ برداشت ہے، عمران خان چرب زبانی اور جھوٹے دعوئوں سے ملک نہیں چلاسکتے۔ وزیراعظم فوراً استعفیٰ دیں۔

انہوں نے منڈی بہاؤالدین، کالووالی، قصور کھڈیاں، راجووال اوکاڑہ  میں سیرت کانفرنس اور مدارس کے پروگرام سے خطاب اور سابق امیرِ ضلع قصور سینئر رہنما میاں مختار احمد اور لاہور میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ عمران خان نے قوم سے پرفریب خطاب کیا اور پٹرول، آٹا، چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسلط کردیا ہے۔حکومت ناکام ہے،آئی ایم ایف کی پوری غلامی اختیار کرلی گئی ۔ مسلسل ریکارڈ توڑتی مہنگائی ناقابلِ برداشت ہے۔ حکومت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔عمران خان چرب زبانی اور جھوٹے دعوؤں سے ملک نہیں چلاسکتے۔ وزیراعظم فوراً استعفیٰ دیں، پارلیمنٹ میں نمائندہ جماعتیں عبوری مدت کے لیے آئینی حکومت سازی کریں اور بلدیاتی انتخابات، انتخابی اصلاحات اور عام انتخابات کرائے جائیں۔ عمران سرکار سیاست، جمہوریت اور پارلیمانی آئینی نظام کے لیے بہت بڑا خطرہ بن گئی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت نااہل، ناکام اور کھلنڈرے، غیرذمہ دار افراد کے ہاتھ چڑھی ہوئی ہے۔ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پولیس اور سول افسران کے مسلسل تبادلوں کا مکروہ، خوفناک اور ناپسندیدہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ریاستی اداروں میں تنائو ہے، سول بیوروکریسی، پولیس میں اعتماد کا فقدان ہے، عوام مہنگائی اور بدانتظامی کے ہاتھوں دربدر ہوگئے ہیں۔ تین سالوں میں لاتعداد تبادلوں سے حالات خراب تر ہوئے ہیں۔مسئلہ گورننس کا ہے۔ گڈ گورننس شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات سے آئے گی، تبادلوں کے سونامی سے نہیں۔ حکومت کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کا ریلیف پیکج فراڈ ہے۔ تین سالوں میں کئی ریلیف پیکجز کا اعلان ہوا، لیکن کسی اعلان پر بھی عملدرآمد کا حکومتی میکنزم نہیں۔ وقتی، نمائشی پریس کانفرسوں سے اب حکومت کاکام نہیں چل سکتا۔ عوام اب اس بات پر یکسو اور متفق ہیں کہ حکومت نااہل اور کرپٹ مافیا کی سرپرست ہے۔ مہنگائی مافیا خود حکومت کی چھتری تلے دندنا رہا ہے۔ رات کی تاریکی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ رات کی ڈکیتی ہے۔