مظفر آباد :حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ کشمیری قوم 13جولائی 1931کے شہدا کے نقش پا پر چل کر قابض فورسزکے ہر ظلم کو صبر کے ساتھ سہہ کر اور نہتے ہاتھوں اپنی جانوں سے بے پرواہ ہوکر، یہ پیغام دے رہے ہیں کہ آزادی کیلئے ہر قربانی قبول۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے جہاد کونسل کے ایک اعلی خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931کے شہدا نے اپنا فرض اور قرض نبھاکر،اس وقت کی سامراجی قوتوں کے ظلم جبر کو نہ صرف پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ کشمیری قوم کو آپ کبھی بھی ذہنی طور پر غلام نہیں بناسکتے۔سید صلاح الدین نے کہا کہ موجودہ بھارتی قابض حکمران وہی ہتھکنڈے اور ظلم وجبر کے طریقے آج بھی ہم پر آزمارہے ہیں جو ڈوگرہ حکمران بیعہ نامہ امرتسر سے 1947تک آزماچکے ہیں۔پوری ریاست میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،معصوم بچے،عفت مآب خواتین اور بزرگ بھی اس ظلم و جبر کی بھینٹ چڑھائے جارہے ہیں۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے بھارتی جیلوں میں حریت رہنماوں اور دیگر محبوسین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ان میں سے اکثر جن میں سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین رہنما شامل ہیں کئی بیمایوں میں مبتلا ہیں لیکن ان کا تشفی بخش علاج نہیں کیا جارہا۔ان کی زندگیوں کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈالا جارہا ہے،انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں کواس جانب متوجہ ہونے کی ضرورت ہے ۔حزب سربراہ نے پاکستانی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک فریق کی حیثیت سے،کشمیر کی اصل صورتحال دنیا کے سامنے لانے کیلئے اپنے سفارتی اور سیاسی محاذ کو متحرک کریں۔
سید صلاح الدین نے بھارتی قیادت سے اپیل کی کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اور اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ مسئلہ کشمیر کا حل،کشمیری عوام کی رائے کا احترام کرنے میں موجود ہے اور اس حقیقت کو اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ بھارتی معمار جواہر لعل نہرو نہ صرف تسلیم کرچکے ہیں بلکہ اس کا وعدہ بھی کرچکے ہیں۔ زمینی اور تاریخی حقائق کے بجائے بھارتی آئین کے اندر بات چیت اور مسئلے کا حل ڈھونڈنا عملا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔
اجلاس کے آخر میں 6 جولائی 2024 کو شہدائے کلگام کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا۔واضح رہے 6 جولائی 2024 کے معرکہ کلگام میں حزب المجاھدین کے 6 جانباز شہادت سے سرفراز ہوئے ۔اس معرکے میں بھارتی قابض فورسز کے 4 اہلکار ہلاک اور 10 شدید زخمی ہوئے ۔اجلاس میں شہدائے کلگام کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ ان کا مقدس لہو ضرور رنگ لائیگا۔