آزاد جمو ں وکشمیر یونیورسٹی کا 20واں کانووکیشن 25جولائی کو کنگ عبداللہ کیمپس میں ہوگا


مظفرآباد (صباح نیوز)آزاد جمو ں وکشمیر یونیورسٹی کا 20واں کانووکیشن 25جولائی 2024ء بروز جمعرات کنگ عبداللہ کیمپس چھترکلاس میں منعقد ہوگا۔ کانووکیشن میں گولڈ میڈلسٹ، پوزیشن ہولڈرزاور دیگر فارغ التحصیل پوسٹ گریجویٹ طلبا و طالبات،ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی۔کانووکیشن کے انعقاد کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ۔

ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق جامعہ کشمیر کے 20ویں کانووکیشن کی ریہرسل مورخہ 24جولائی بروز بدھ کنگ عبداللہ کیمپس میں ہوگی۔ یونیورسٹی سے تحت ضابطہ فرسٹ پو زیشن کے حا مل طلبا ء و طا لبات کے نام پر مخصو ص اطلا عی مکتوب ارسال شدہ کی فہرست اسماء یونیورسٹی ویب سا ئٹ (www.ajku.edu.pk)پر دی جائے گی۔ قبل ازیں جن طلباء وطالبات نے کانووکیشن کیلئے فیس فارم جمع کروا رکھے ہیں انہیں دوبارہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہ ہے۔ البتہ جو طلباء طالبات قبل ازیں کانووکیشن کیلئے فارمفیس جمع نہ کروا سکے ہیں وہ اپنے کوائف و دستاویزات کی تکمیل کرتے ہوئے  اپنے انٹری فا رم بہر صورت 20جولائی 2024تک ڈِپٹی کنٹرولر امتحانات ،ڈِگری برانچ، شعبہ امتحانات، ایڈ منسٹریشن بلا ک چہلہ کیمپس ، آزادجموں و کشمیر یونیورسٹی ، مظفرآباد، پو سٹ کو ڈ 13100 فون نمبر05822-960477پر ارسال کر یں ۔ کانووکیشن فارم2024، یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے علاوہ یونیورسٹی کے جملہ دفاتر اور تدریسی شعبہ جات میں بھی دستیاب ہونگے۔کانووکیشن میں صدر ریاست،چانسلر جامعہ کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری طلبا و طالبات اور اسکالرز کو گولڈ میڈل اور ڈگریاں عطا کریں گے۔

کانووکیشن کی تیاریوں کیلئے گزشتہ روزو ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ، ناظم مالیات و منصوبہ بندی پروفیسر ڈاکٹر محمد بشارت، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون ، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمدرفیق،ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبد القادر ،کوارڈینٹر کنگ عبد اللہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف،ایڈیشنل رجسٹرار سردار ظفر اقبال،ڈائریکٹر سٹیٹ یوسف سلہریا نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانووکیشن کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ دوران اجلاس کنٹرولر امتحانات پروفسیر ڈاکٹر واجد عزیز لون نے وائس چانسلر کو کانووکیشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف قائم کی گئی کمیٹیوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ کانووکیشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اپنی متعلقہ کمیٹیوں کی کارکردگی سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کریں اور کانووکیشن کے شاندار انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کانووکیشن جامعہ ہذا کا ایک میگا ایونٹ ہے جس کو یادگار بنانے کیلئے تمام تر انتظامات بروقت کیئے جائیں۔