کشمیری بہادری، حوصلے اور مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں،فریدہ بہن جی


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما و چیرپرسن ماس موومنٹ فریدہ بہن جی نے 13  جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا کا مشن ہرصورت جاری رہے گا،یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیعام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ جس طر ح تیرہ جولائی کے شہدا نے تحریک کی مشعل روشن کی اس طرح کشمیری عظیم قربانیاں دے اس مشعل کو روشن کئے ہوئے ہیں ،شہدا کا مشن کسی بھی قیمت پر حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا کے نقش  قدم پر چلتے ہوئے کشمیری بہادری، حوصلے اور مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے بھارت اپنی فوجی ظلم و تشدد سے کشمیریوں کی اس تحریک کاراستہ روک نہیں سکتا،بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیریو ں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہدا کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں

حریت رہنما نے کہاکہ بھارت کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس پر اس کا غیر قانونی قبضہ ہے مودی سرکار کے یک طرفہ غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی،کشمیری خاتون رہنما  نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی فوجی مظالم پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب کشمیریو ں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اس کے لئے مزید تین کالے قوانین کشمیرمیں نافذکئے گئے ہیں جس سے قابض افواج کو کشمیری عوام کے قتل عام میں مزید کھلی چھوٹ حاصل ہوگی ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنا موژ کردار ادا کرے۔ فریدہ  بہن جی نے  کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 13جولائی کو شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔