کراچی(صباح نیوز)اپوزیشن لیڈر آفس کے ایم سی بلڈنگ میں بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ، اپوزیشن لیڈر کے ایم سی اور نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں، نالوں کی صفائی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدرالدین، میڈیا کوآرڈینیٹر سید جواد شعیب سمیت اراکین سٹی کونسل نعمان الیاس،مرزا آفاق بیگ،سید فیاض الہدیٰ اور تیمور احمد نے شرکت کی ۔
اجلاس میں نعمان الیاس کی جانب سے شہر بھر میں نالوں کی صفائی کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سندھ حکومت کی جانب سے نالوں کی صفائی کیلئے مختص فنڈز میں 260ملین روپے کی کٹوتی اور تاخیر سے فنڈز کے اجراء پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نالوں کی صفائی کا کام مئی میں شروع ہونا تھا جسکے فنڈز 410ملین روپے جون کے آخر میں جاری کئے گئے جبکہ حکومت سندھ نے نالوں کی صفائی کے لئے کے ایم سی کو گزشتہ برس 670ملین روپے کے فنڈز جاری کئے تھے۔ اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے 260ملین روپے کی کٹوتی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے تمام نالے چوک ہیں گزشتہ برس بھی شہر کی کئی مصروف شاہرائیں بارش کے پانی میں ڈوب گئی تھیں ،بجائے اس کے کہ بجٹ میں اضافہ کیاجاتا اور نالوں کی بھرپور صفائی کی جاتی لیکن فنڈ کم کردیئے گیے جو سراسر کراچی دشمنی اور اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت اور مئیر کراچی کی نااہلی کے باعث کراچی کے عوام مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ حکومت سندھ کی جانب سے نالوں کے صفائی کیلئے مختص فنڈ تاخیر سے جاری کیاگیا جسکے باعث تاحال نالوں کی بھرپور صفائی نہیں ہوسکی ہے، اگر تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جسکی پیش گوئی بھی ہے تو کراچی کے کئی علاقے ڈوبنے کا خطرہ ہے ۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جہاں جہاں نالے صاف کئے گیے ہیں وہاں نالوں کی چھت اور دیواریں توڑ دی گئی ہیں۔ بارشوں کی دوران کھلے نالوں میں گرنے سے انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں جس کے ذمہ دار مئیر کراچی اور حکومت سندھ ہوگی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ فی الفور نالوں کی چھتیں اور دیواریں تعمیر کی جائیں ۔ اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی کے تمام ٹاؤن اور یوسی چئیرمینز کو میونسپل افسران اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے عملے کے ساتھ رابطے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندے مون سون کی بارشوں سے نمٹنے ‘نالوں کی صفائی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے سے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور نالوں کی صفائی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ شہر کو نااہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے بارشوں کے باعث ہرقسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور شہریوں کو ریلیف دلوانے کے لئے جماعت اسلامی اپنا بھر پورکردار اداکرے گی۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے بلاتفریق شہرکے تمام ٹاؤن چیئرمینز، یوسی چیئرمینز جن کا تعلق پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی، تحریک انصاف یاکسی اور جماعت سے ہے سب سے اپیل کی کہ عوام کو تکلیف سے بچانے کیلئے سب کو چاہئے کہ باہمی اشتراک عمل سے اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔