لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کو یقینی بنانے کا حکم


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا ، سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

جسٹس امجد رفیق نے ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لئے محمد یاسین کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آ جاتے ہیں؟ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اگر کال واٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آ جاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو نہیں آتے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے چہروں سے پتہ  چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے مطابق شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ استدعا کی گئی کہ شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔