اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی حالیہ رپورٹ نے ہماری موقف کی تائید کردی ،بیرسٹرسیف

 پشاور(صباح نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ کی حالیہ رپورٹ نے ہماری موقف کی تائید کردی ہے۔ بیان میں بیرسٹرسیف نے کہا کہ قوم کے ساتھ ساتھ عالمی برادری نے بھی بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے جبری حراست نے دو ٹوک الفاظ میں بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ہم روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی فارم 47 سرکار میں انسانی حقوق کی پامالی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی دھڑادھڑ جاری ہے ،بغض بانی پی ٹی آئی میں سازشی ٹولہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کو پائوں کے نیچے روند رہا ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی جعلی حکومت کو مہنگی پڑے گی، جبکہ اس سے ملک کی عالمی سطح پر بدنامی بھی ہوگی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر مینڈیٹ چور سرکار نے جعلی مقدمات درج کئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کارکنان کے خلاف مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں۔