وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب کا دورہ ایف بی آر، گذشتہ مالی سال کے دوران اہداف کے حصول پر تعریف کی

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے ایف بی آر کی صلاحیتوں پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ریونیو ڈویژن حکومت کے مالیاتی مقاصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے یہ بات پیر کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران کہی ۔ وزیر خزانہ نے چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے بھی لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران ہدف سے زائد9311 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے کی مثالی کارکردگی پرٹیم ایف بی آر کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد دی۔

وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی صلاحیتوں پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ ریونیو ڈویژن حکومت کے مالیاتی مقاصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا کہ مشکلات کے باوجود محصولات کے سالانہ ہدف کو عبور کرنے پر ایف بی آر کی ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران ہدف سے زائد محصولات جمع کرنے پر چیئرمین ایف بی آر اور بورڈ کے ممبران کے ہمراہ ایف بی آر کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور کیک بھی کاٹا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محصولات کی وصولی، ڈیجیٹائزیشن او ر معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لئے ایف بی آر کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔