احتجاج کا کیس: عدم پیشی پر علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(صبا ح نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان و دیگر کے خلاف تھانہ سنجگانی اور آئی 9 میں سابق وزیر اعظم کی نااہلی پر احتجاج کرنے پر درج 2 مقدمات میں عدم حاضری پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی، عدالت نے 8 جولائی کے بعد کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ بھی دے دیا، علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کرلیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور رہنما پی ٹی آئی عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی، اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ کسی کی حاضری سے استثنی کی درخواست قبول نہیں ہوگی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہوسکتا۔جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ حاضری پوری نہ کرنا ملزمان پر ہے یا کورٹ پر ہے؟ پی ٹی آئی وکلا نے جواب دیا کہ حاضری پوری کرنا ملزمان پر ہے، جج نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری ہوں گے۔بعد ازاں وکلا صفائی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ اگلی پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی ہو گی۔

اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں، آئندہ پیشی پر حاضری کرنے والے سے مکمل یقین دہانی کروائی جائے گی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔وکلا صفائی نے عدالت نے استدعا کی کہ ایک موقع دیا جائے اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے، جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کے لیے تیس دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہوگا، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے۔بعد ازاں عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔