بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی بصیریت کی اختراع ہے. سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ انفرادی منفی سوچ  معاشرے کی تباہی کا باعث بنتی ہے۔ بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ  بینظیر  بھٹو کی سیاسی بصیریت  کی اختراع ہے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آڈیٹوریم میں کنٹیجنٹ پیڈ سٹاف کی  ریگولرائز یشن کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے وژن نے اس ملک کی خواتین میں بیداری اور بااختیاریت کو فروغ دیا ہے ۔ بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین سے اپنے خطاب میں، چیئرپرسن روبینہ خالد نے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں عوامی تاثر کو از سر نو تشکیل دینے میں ٹیم ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، “ہمیں، ایک  خاندان  کی حیثیت سے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں عوامی منفی تاثر کو تبدیل کرنا چاہیے۔ اس کیلئے ہمیں  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہوگا۔  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی  مستحق خواتین کے ساتھ آپ کا سلوک  ادارے کے کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے  مزید  کہا، “بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والوں اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی  سے پیش آنے والوں کے لیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے عملے کو مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا ، “ہم دستیاب وسائل سے اپنے محنتی فیلڈ اسٹاف کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔”تقریب کے اختتام چیئرپرسن روبینہ خالد نے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کنٹیجینٹ پیڈ سٹاف میں ریگولرائزیشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور ان  کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں چیئرپرسن روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین ملازمین کے ہمراہ  شہید بینظیر بھٹو کے اعزاز میں انکی سالگرہ کا  کیک بھی کاٹا۔