پیما کی ایبٹ آباد میں سینئر ڈاکٹروں کی گرفتاری کی مذمت اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

 اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے ایوب میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈاکٹر صائمہ کی گرفتاری کی شدید کی ہے۔ پیما کے ایک وفد نے  گزشتہ روز زیر حراست پروفیسر ذوالفقار علی سے ملاقات کی اور انہیں ڈاکٹرز کمیونٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کروائی۔ پیما نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی طرف سے ڈاکٹروں کی کوئی غفلت ثابت نہیں ہوئی لیکن اس کے باوجود ڈاکٹرز کو مسلسل زدوکوب کیا جا رہا ہے اور آج انتہائی سینئر ڈاکٹرز کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتار کیا گیا ہے جو کہ انتہائی شرمناک اور مایوس کن ہے۔

پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، نائب صدر ڈاکٹر محمد قاسم اور پیما خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر فخر عالم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے خلاف بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ ہم آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کو ڈاکٹرز کی عزت، احترام اور حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ کسی دوسرے کی نااہلی کی آڑ میں سینئر ڈاکٹرز کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت اور عدلیہ اس واقعے کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائے۔ پیما اور دیگر ڈاکٹر تنظیمیں سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ اس ناانصافی، بے جا گرفتاری اور بدسلوکی کے خلاف متحد ہیں اور ملک گیر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔پیما کی جانب سے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد قاسم، صدر پیما ایبٹ آباد ڈاکٹر عاطف حمید اور ڈاکٹر بشارت رحمان نے زیر حراست پروفیسر ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔