اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی کے لئے چین اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے یہ منظوری اسلام آباد میں سرمایہ کاری بورڈ کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اپنے دورہ چین کے دوران Shenzhen میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر پیشرفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کے بعد ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں خصوصی اقتصادی زونز ون سٹاپ شاپ قانون پر نظر ثانی کرنے کی مزید ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل، چمڑے، جوتے اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ پاکستان میں چینی صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے لیے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ کا مسودہ جلد ہی کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجا جا رہا ہے