معاشرے میں مزاح و برداشت کلچر تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے. فیصل کریم کنڈی

پشاور(صباح نیوز) گورنرخیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معاشرے میں شعبہ ادب و صحافت سے وابستہ افراد اہم مقام رکھتے ہیں، قلم کی طاقت مہذب معاشروں کی مثبت تبدیلی اور انقلاب کا باعث بنتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے معروف کالم نگار، شاعر، ڈرامہ نویس اور صحافی منصورآفاق سے گورنر ہاس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمعاشرے میں بے یقینی، تنا کی صورتحال کے خاتمہ کیلئے کالم نگار، شعرا سمیت اہل ادب کے کردار کی اہمیت پرگفتگو کی گئی۔

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شعبہ صحافت و شعبہ ادب سے وابستہ افراد اپنے تحریروں سے حکومت کی اصلاح کرنے کا باعث بنتے ہیں اورمعاشرتی سطح پرآگاہی کے ساتھ عوام کو مختلف شعبوں سے متعلق حقائق پرمبنی علوم کی منتقلی میں اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں مزاح و برداشت کلچر تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے لہجوں میں تلخیوں سے زندگی کی رونقیں ماند پڑتی جا رہی ہیں، ایک خوشگوارمعاشرے کی از سر نو تشکیل کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اورذمہ دارانہ صحافت سے اس ملک اور صوبہ کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔