اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو آن لائن فاصلاتی تعلیمی پالیسی کے جلد نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کے سستی تعلیم سے استفادے کیلئے جامعات ورچوئل تعلیمی جزو کو بڑھائیں، تکنیکی خلا پر کرنے اور تیز رفتار ترقی کیلئے اسکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی تعلیم پر توجہ دیں۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی(نیوٹیک) پر بریفنگ کے دوران کہا کہ غیر ملکی جامعات اور تربیتی اداروں کے ساتھ تعاون سے افرادی قوت کی پیشہ ورانہ ترقی میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں نیوٹیک کے فیکلٹی ممبران، ایچ ای سی کے نمائندوں اور حکومت کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملک کے نوجوانوں کو اعلی معیار کی تکنیکی تعلیم اور ہنر فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تکنیکی خلا پر کرنے اور تیز رفتار ترقی کیلئے جامعات اسکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی تعلیم پر توجہ دیں۔ ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد اصغر نے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک نے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، انجینئرنگ اور آئی ٹی کے دیگر شعبوں میں پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اجلاس کو مستقبل کے منصوبوں اور آن لائن ایجوکیشن سپورٹ سسٹم کی تیاری بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔