کراچی(صباح نیوز) اینگرو فرٹیلائزرز نے این ون پلانٹ کے طویل المدّتی قابلِ اعتماد ، محفوظ اور پائیدار آپریشنز کو یقینی بنانے کیلئے 55دن کی شیڈول مینٹیننس18جون کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔ 2011میں 1.1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ قائم کیے گئے این ون پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 1.32ملین ٹن ہے۔ این ون پلانٹ سب سے زیادہ توانائی کی بچت کرنے والا پاکستان کا فرٹیلائزر پلانٹ ہے جس میں فی ٹن یوریا گیس کی کھپت سب سے کم ہے۔مینٹیننس اور اہم تبدیلی کے اس آپریشنز میں 5ہزار سے زائد تکنیکی سرگرمیاں شامل تھیں جن میں پہلی مرتبہ ویسٹ ہیٹ بوائلر کی تبدیلی، فرنس کنویکشن سیکشن کی اوورہال، امونیااسٹوریج ٹینک کا معائنہ اور 6بڑی ٹربو ٹرینزاور گیس ٹربائنزکا جامع اوورہال شامل ہے۔اس دوران 6ہزار سے زائد ورکرز پلانٹ پر ان آپریشنز کی سرگرمیوں میں 24گھنٹے کام کرتے رہے۔ اینگر و فرٹیلائزرز نے قابلِ اعتماد اور پائیدار آپریشنز کیلئے پلانٹ کی تبدیلی میں تقریباً50ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔
اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور کے مطابق سخت موسمی حالات کے باوجوداس اہم تبدیلی کی محفوظ اور کامیاب تکمیل،بڑے پیمانے کے منصوبوں کو طے شدہ شیڈول اور بجٹ کے اندر مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سرگرمی میں شامل ہر فرد کی حفاظت کو یقینی بنانا اینگرو فرٹیلائزرز کی انجینئرنگ ٹیم کی مہارت کی عکاسی ہے اور ہمارے باصلاحیت انجینئرزنے جدید تکنیکس، سیفٹی اور اسٹینڈرڈکے بہترین عالمی طریقوں پر عمل کرتے ہوئے اس اہم منصوبے کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری محتاط منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کسانوں کیلئے یوریا کی دستیابی متاثر نہ ہوجوکہ اینگرو فرٹیلائزرز کی ٹیم کی فوڈ سیکیوریٹی کوپاکستان میں فعال رکھنے کے ہمارے پختہ عزم کااظہار ہے۔ ہم اپنے ملازمین، کنٹریکٹرز، عالمی تکنیکی شراکت داروں، مقامی انتظامیہ اور دیگر تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کی سپورٹ اور رہنمائی پر شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے پلانٹ کی اس بڑی تبدیلی کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا۔