لاہور(صباح نیوز) پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان( ٹی پی ایل) سے کالعدم کا اسٹیٹس ہٹانے کی سمری منظور کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلی عثمان بزدار کی منظوری کے بعد سمری کابینہ ارکان کو بذریعہ سرکلر بھجوائی تھی۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت سمری کی منظوری کے بعد اب وفاق سے ٹی ایل پی پر پابندی ہٹانے کی سفارش کریگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کے حق میں کم ازکم 18 وزراء کی حمایت درکار تھی، وزراء کی مطلوبہ تعداد نے سرکولیشن سمری پر پابندی ہٹانیکی منظوری دی۔ پنجاب کابینہ کی تحریری سفارشات ملنے کے بعد وفاقی حکومت اگلا قدم اٹھائیگی۔
یاد رہے کہ محکمہ سروسزکیبنٹ ونگ پنجاب نے تمام وزراء کو منظوری کیلئے سمری بھجوائی، جس میں سفارش کی گئی تھی کہ تحریک لبیک کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹایاجائے۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر کیس کو نمٹا دیا۔سعد رضوی کو رواں برس اپریل میں حراست میں لیا گیا تھا اور وہ تاحال نظربند ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے معاملے پر مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علما سے مذاکرات کیے تھے۔
فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں اب تک 2000 سے زائد ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ ٹی ایل پی نے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کر دیے ہیں البتہ وزیرآباد میں کچھ کارکن موجود ہیں جو معاہدے پر مکمل عمل درآمد تک وہیں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔