کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ مودی سے یاری کشمیر سے غداری سے لیکر ہتک عزت وپیکا قانون کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹنے تک شریف خاندان نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا۔ میاں محمد نواز شریف اور اس کی پارٹی جب اپوزیشن میں ہوتی ہے توشیربنکر صحافت کی آزادی کا راگ الاپتی ہے مگر اقتدار میں آتے ہی ووٹ کو عزت دو بیانیے کی طرح اظہار رائے کی آزادی کو بھی بھول جاتی ہے جوکہ ان کے دہرے معیار کی عکاسی ہے۔
انہوں آج ایک بیان میں کہاکہ شریف حکومت اظہارِ رائے کی آزادی کو سب کرنے اور ناکام پالیسوں پر تنقید کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا پر قومی خزانے کے 40 ارب اڑانے کی بجائے اپنے اعمال درست کرنے پر توجہ دے۔جمہوریت پر یقین رکھنے والی پارٹی کو آزادی صحافت دشمن رویہ ہرگز زیب نہیں دیتا۔جماعت اسلامی ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ہتک عزت سمیت ہر کالے قانون کے خلاف و صحافت کی آزادی کے لیے ہر جدوجہد میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہوگی۔