قومی اقتصادی کونسل نے اقتصادی پلان اور اہداف کی منظوری دے دی

اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے اقتصادی پلان اور اہداف کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وزرائے اعلی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ساڑھے تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں ملکی معیشت اور بجٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد کونسل نے آئندہ مالی سال کے اقتصادی پلان اور اہداف کی منظوری دے دی ہے۔قومی اقتصادی کونسل کی جانب سے قومی ترقیاتی پلان کی منظوری بھی دی گئی جس کے مطابق وفاق اور صوبوں کا ترقیاتی پلان 3 ہزار 60 ارب روپے کا ہو گا۔

بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کا حجم 1500 ارب روپے ہو گا اور وفاقی ترقیاتی پروگرام میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔نئے مالی سال کے بجٹ میں چاروں صوبوں کا ترقیاتی پلان 1560 ارب روپے ہو گا،ذرائع کے مطابق اجلاس نے سالانہ پلان برائے مالی سال 24-2023 کا جائزہ لیا، کونسل نے اجلاس میں تیرھویں پانچ سالہ منصوبے پر تفصیلی غور کے بعد سالانہ پلان برائے 25-2024 کی منظوری دیدی۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال 3.6 فیصد، پانچ سالہ پلان کے تحت مالی سال 2029 تک 6 فیصد گروتھ ہوگی، آئندہ پانچ سال میں معاشی ترقی کا ہدف اوسطا 5.1 فیصد رکھنے کی منظوری دی گئی، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زراعت کی گروتھ کا ہدف 2 فیصد رکھنے کی منظوری دی گئی۔آئندہ بجٹ میں صنعتی گروتھ کا ہدف 4.4 فیصد، خدمات کے شعبے کی ترقی کا ہدف 4.1 فیصد اور اگلے مالی سال برآمدات کا ہدف 40.5 ارب ڈالر رکھنے کی منظوری دی گئی۔دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال درآمدات کا ہدف 68.1 ارب ڈالر رکھنے کی منظوری دی گئی،

آئندہ مالی سال سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا ہدف 30.2 ارب ڈالر مقرر کیا گیا۔بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کرنٹ اکاونٹ خسارہ کا ہدف 3.7 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مالی سال 25-2024 کی پبلک انویسٹمنٹ پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں ایکنک کی پیشرفت اور سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی اب تک پیشرفت رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، تمام صوبوں کی جانب سے متفقہ طور پر ایجنڈے کی منظوری دیدی گئی