وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ڈچ کمپنی کے وفد کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ڈچ وفد کی رائل فریسلینڈ کمپنی  کے سی ای او ہائین شومیکر کی سربراہی میں ملاقات ہوئی،

ملاقات وزارتِ خارجہ میں ہوئی،وزیر خارجہ نے اراکین وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے میسر مواقعوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا،اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، 220 ملین آبادی پر مشتمل ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،ہماری حکومت جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے،

انہوں نے کہاکہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دے رہی ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، دودھ کی پیداوار کے حوالے سے عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے،ہم ڈیری کے شعبے کو مزید وسعت دینے کیلئے ڈچ کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں،ڈچ کمپنی کے وفد نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان میں ڈیری کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔