ملک میں 3 جی اور 4 جی صارفین کی تعداد 10 کروڑ 76 لاکھ سے متجاوز


کراچی (صباح نیوز)پاکستان بھر میں براڈ بینڈ سیلولر ٹیکنالوجی 3 جی اور 4 جی کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ 76 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کی باضابطہ ویب سائٹ کے مطابق 2021 کے اختتام تک ملک بھر میں موبائل فون صارفین کی کل تعداد 18 کروڑ 87 لاکھ 11 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔پی ٹی اے کے مطابق ملک میں اس وقت براڈ بینڈ صارفین کی تعداد ایک کروڑ 96 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق دسمبر 2021 تک ملک میں براڈ بینڈ سیلولر ٹیکنالوجی 3 جی اور 4 جی کے صارفین 10 کروڑ 76 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔اس کے علاوہ 2021 کے اختتام تک پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کو دھوکا دہی میں استعمال کی جانے والی 86 ہزار سے زائد موبائل سمز کو بلاک بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کے 4 صوبوں میں 4 سیلولر کمپنیاں ٹیلی نار پاکستان، پاکستان موبائل کمیونی کیشن لمیٹڈ ، پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ اور چائنہ موبائل پاکستان کام کررہی ہیں۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 6 سیلولر کمپنیاں  ٹیلی نار پاکستان، پاکستان موبائل کمیونی کیشن لمیٹڈ ، پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ، چائنہ موبائل پاکستان، وارد اور اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن عوام کو سیلولر سہولیات فراہم کررہی ہیں۔