اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دیامر بھاشاڈیم کی تعمیر کے لئے کویت کی جانب سے 25 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جبکہ کویت کی جانب سے کچھی کنال منصوبے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی پر غور کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے ۔وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تین روزہ اجلاس جمعہ کوکویت میں اختتام پذیر ہوا ۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور کویت کے وزیر تجارت و صنعت عمر سعود العمر نے کی۔ فریقین نے معیشت اور تجارت کے وسیع تر شعبوں میں د وطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ پاکستانی وفد میں وزارت اقتصادی امور ، وزارت خارجہ، وزارت تجارت ، وزارت اوور سیز پاکستانیز، سرمایہ کاری بورڈ، پٹرولیم ڈویژن ، ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کویت کے حکام سے ساتھ مفید بات چیت کی۔ کویت کے انڈر سیکرٹری تجارت و صنعت ضیاد عبداللہ النجیم نے پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے پاک کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں سیشن کے انعقاد پر مسرت کا اظہارکیا۔ انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان ویزہ کے عمل کو مرکزی دھارے میں لانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعلقات اور رابطوں کے فروغ پر زور دیا ۔انہوں نے کہاکہ ویزے کے نظام کو مرکزی دھارے میں لانے سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف اقتصادی شراکت داری اور مفید رابطوں کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کی ہنرمندافرادی قوت کو کویت میں روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔ انہوں نے کویت کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم کے تحت فراہم کردہ سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں ۔
انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپوں کے قیام اور مفاہمت کی دستاویزات پر اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیا۔ پاکستانی وفد کیتکنیکی گروپ کے سربراہ اور وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری کاظم نیاز نے اس امید کا اظہارکیاکہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے تجارت ، تعلیم ، سائنس ، ثقافت اور دیگر شعبوں میں رابطہ کاری اور تعاون کو فروغ ملیگا۔ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں تجارت، غذائی سلامتی ، لائیو سٹاک ، بحری امور ، صنعت و پیداوار، سرمایہ کاری ، توانائی ،قدرتی وسائل ، سمندر پار روزگار ویزہ ، اعلی تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی ، مالیات ،ٹیکسیشن ، کھیل و سیاحت، تعلیم ، اطلاعات و نشریات اور ترقیاتی شراکتداری سمیت متنوع امور کا جائزہ لیاگیا۔فریقین نے صنعتی تعاون ،انجینئرنگ کونسل ، خبروں کے تبادلے، زراعت ، میری ٹائم، دہرے ٹیکسوں کے خاتمے، کوالٹی اینڈ سیفٹی سٹینڈرز اور اعلی تعلیمی کمیشن میں معاہدوں اور مفاہمت کی دستاویزات سے بھی اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ویزہ اور کونسلر امور میں ورکنگ گروپس کے قیام میں اتفاق کیا۔ وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے کمیشن کے حوالے سے مسرت کااظہار کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے تکنیکی ماہرین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دیامر بھاشاڈیم کی تعمیر کے لئے کویت کی جانب سے 25 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، اس حوالے سے معاہدے پر تین جون کو دستخط ہوں گے جبکہ کویت کی جانب سے کچھی کنال منصوبے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی پر غور کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔۔