الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور سبیل ویلفیئر ٹرسٹ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط


لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور سبیل ویلفیئر ٹرسٹ کے مابین الخدمت کمپلیکس میں معاہدے کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔معاہدے کی رو سے بھیرہ کے مقام پریتیم  بچوں کے لیے آغوش کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں بچوں کی رہائش سمیت ان کی تعلیم وتربیت کا انتظام کیا جائے گا۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور اور چیئرمین سبیل ویلفیئر ٹرسٹ بنیاد حسین بخاری نے معاہدے کی دستاویز پر دستخظ کئے۔

اس موقع پرمحمد عبد الشکور نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمت کے میدان میں سرگرم عمل ہے اور ایسے ادارے جو عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کررہے ہیں ان کا آپس میں مل کر فلاحی کامو ں میں حصہ لینا خوش آئندہے۔سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال،سینئر مینجر میڈیا ریلیشنزشعیب ہاشمی، مینجر ریسورس موبلائزیشن ڈیپارٹمنٹ مرتضٰی حسین، احمد قدیر اور دیگربھی موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت 19آغوش ہومزفعال ہیں جن میں 1414 بچے زیر تعلیم ہیں۔ آغوش ہوم میں یتیم بچوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم کیساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کیا جاتا ہے۔