اسلام آباد (صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آذربائیجان سے دیرینہ اور مضبوط تعلقات، کوپ 29 کے انعقاد پر پاکستان ، آذرئیجان کی مکمل حمایت کرے گا،پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری کا بھی مکمل حامی ہے، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی اورقابل تجدید توانائی پر تعاون کو فروغ دے رہے ہیں ۔
وزیر خارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر خارجہ آذربائیجان کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتا ہوں، باہمی سرمایہ کاری کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ثقافت، تعلیم اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بات چیت ہوئی، کوپ 29کے انعقاد میں پاکستان آذربائیجان کی مکمل حمایت کرے گا،پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری کا بھی مکمل حامی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی تجارتی برادری کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں آذربائیجان کیلئے چاول کی ایکسپورٹ کے مواقع موجود ہیں، باکو میں میڈیکل کے شعبے میں پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے، موسمیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی اورقابل تجدید توانائی پر تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، غزہ میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، رفح میں مہاجر کیمپوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر خارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف نے کہا کہ پاکستان میں شاندار استقبال پر مشکور ہوں،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں مواقع موجود ہیں۔ میرے ہم منصب اسحاق ڈار نے مجھے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی تھی، پاکستان اور آذربائیجان دونوں مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے ، دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے کاروباری شخصیات کو باکو میں خوش آمدید کہتے ہیں، اس وقت باکو سے اسلام آباد لاہور اور کراچی براہ راست پروازیں جاری ہیں، بہت سے ثقافت اور لینگویج سینٹر آذربائیجان میں کام کر رہے ہیں، پاکستانی سرمایہ کاروں کو آذر بائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے یو این کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کرتے ہیں۔آذر بائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بئیراموو نے بھی کہا کہ رفح حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ اور مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔