غزہ (صباح نیوز)رفح میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 37فلسطینی شہید ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح کے گنجان آباد علاقوں میں حملے تیز کردیئے پیش قدمی کرتے ٹینک رہائشی عمارتوں پر گولہ باری کی۔
اسرائیلی فوجیوں نے رفح کے گنجان آباد علاقوں میں ایمبولینس پر بم مارکر ریسکیو کارروائیوں میں شریک2 اہلکار وں کو قتل کردیا جبکہ اسرائیل کے حملوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے بیشتر افراد خیموں میں مقیم تھے۔
امدادی گروپ سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت کے حکم کے بعد تقریبا ایک ہفتے میں اسرائیل نے رفح کے محفوظ قرار دیے گئے علاقوں میں حملے کئے جس میں 66 فلسطینی جان سے گئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
امدادی گروپ نے رفح اور غزہ کی پٹی میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کے قتل عام پر فوری کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔