اسلام آباد (صباح نیوز)وفاق اور خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے، بجلی واجبات کی ادائیگی کے معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا جلد باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی پیر کو اسلام آباد میں مشترکہ ملاقات ہو ئی ۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ بھی ہوتا ہے، ایسا راستہ نکالا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ لوڈشیڈنگ عوام کا بڑا مسئلہ ہے، لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بات کی ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ بھی ہوتا ہے، ایسا راستہ نکالا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ لائن لاسز کی وجوہات پر مل کر کام کریں گے، ہم نے باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کو حل کیا ہے۔خیبرپختونخوا بجلی بناکر پورے ملک کو فراہم کررہا ہے، ہم نیباہمی مشاورت کیذریعے مسائل کوحل کیا، ہم نے ملکر معاملات طے کیے ہیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ جوماڈل کے پی میں بنایا ہے وہ دوسرے صوبوں میں بھی لاگو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اداروں سے ہماری جنگ نہیں، گورنر خیبر پختونخوا سے میرا کوئی اختلاف نہیں ہے علی امین گنڈاپورنے کہا کہ وفاق کے ساتھ کے پی کے میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ چلا آرہا تھا اس کے حل کے لئے ہم مل بیٹھیں ہیں۔ کے پی کے عوام کا مطالبہ تھا کہ ہم بجلی پیدا کرکے پورے ملک کو دے رہے ہیں اس کے باوجود ہمارے ہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے ۔ ہم نے اس پلیٹ فارم پر یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی مد میں بقایا جات ادا کریں گے اور لائن لاسز میں کمی کے لئے کمیونٹی بیسڈ مہم بھی چلائیں گے۔ ہمارے وفاق کے ساتھ معاملات طے ہوچکے ہیں، وفاق کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے صوبے کے عوام، امن و امان ، معاشی حالات کا احساس کیاہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میری بات کسی شخص کے ساتھ نہیں بلکہ ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر توانائی کے ساتھ ہوئی ہے۔ سینیٹرمحسن نقوی نے بتایا کہ کے پی کے میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وزیراعلی کے پی کے اور وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے مابین وزارت داخلہ میں بات چیت کا عمل خوشگوار رہا ، دونوں فریقین عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔اس حوالے سے بڑا بریک تھرو ہوا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بجلی کے واجبات وصولی،لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے تمام پہلوئوں پر بات ہوئی ہے ۔خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔ وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ سیاستدانوں پر تنقید کرنے والے آج شرمندہ ضرور ہوں گے، ہم نے مشکلات کا حل نکالا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ملک کے لئے خوش آئند بات ہے کہ سیاسی مخالفت کے باوجود ملک اتحادی جماعتوں کے تعاون سے کے پی کے میں بجلی کے ایشوز پر بات چیت ہوئی ہے۔بات چیت کے دوران وزارت توانائی اور کے پی کے حکومت نے اپنے اپنے منصوبوں کا تبادلہ کیا ہے۔ہم نے مشکلات کا حل نکال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے ساتھ حل کو ایک ماڈل کے طور پر دیگر صوبوں کے لئے بھی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کتنی جلدی بجلی چوری ختم ہوگی اتنی ہی جلدی لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ ہوگا۔ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہیں.