ابوظہبی(صباح نیوز)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، حکومت کاروبار دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرکے ملک میں نجی شعبے کی ترقی یقینی بنا رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے چئیرمین ابو ظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرِاعظم نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی اقدامات پر روشی ڈالی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، متحدہ عرب امارات کی قیادت بالخصوص شیخ محمد بن زید النہیان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ، حکومت کاروبار دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرکے ملک میں نجی شعبے کی ترقی یقینی بنا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ملاقات میں وزیرِاعظم نے ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔