جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانوی انتخابات میں کشمیر بارے مہم چلائے گی

مانچسٹر(صباح نیوز) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل4 جولائی 2024 کو ہونے والے برطانوی عام انتخابات کے لئے بھرپور کشمیرلابی مہم چلائے گی۔ تحریکی عہدیداروں نے اپنے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا کہ وہ جہاں مختلف شہروں میں کشمیر دوست ممبران برطانوی پارلیمنٹ، کشمیر دوست امیدوار وں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے وہیں برطانیہ بھر میں کشمیریوں کو اس طرح متحرک کریں گے جس طرح غزہ کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے منعقد ہونے والے سیمینارز، کانفرنسوں و دیگر تقریبات میں شرکت کریں گے اور اپنی کشمیر لابی مہم کو بھرپور انداز میں چلائیں گے تاکہ برطانیہ میں بسنے والے ایک ملین سے زائد کشمیریوں اور پاکستانیوں کا نقطہ  نظر برطانوی سیاستدانوں اور برطانوی ایوانوں تک موثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

تحریکی عہدیداروں کا اجلاس تحریک کے سر پرست اعلی سردار عبدالرحمان کی قیادت میں منعقد ہواجس میں کونسلر نائلہ شریف چیئرپرسن جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، میئر آ ف ٹیم سائیڈ تحفین شریف، سابق لارڈ میئر مانچسٹر یاسمین ڈار، سابق مشیر برائے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، تحریک کے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر محمد ہیری بوٹا، پروفیسر تیمور شفیق، جاوید طارق، شبانہ سمیع، سابق کنسورٹ ماجد ڈار، راحیل شریف و دیگرشریک ہوئے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ برطانیہ میں عام انتخابات کی کال آ چکی ہے اور انہی دنوں کشمیر کی تحریک آزادی کے لئے تحریکی عہدیداروں نے پہلے سے متعدد کشمیر لابی پروگراموں کو حتمی شکل دے رکھی تھی جنہیں مذید فعال اور منظم بنا کر برطانیہ کے ہر بڑے شہر میں کشمیر سیمینارز، کشمیر لابی کانفرنسز، ذاتی و اجتماعی رابطوں کے تسلسل کے زریعے کشمیری عوام کا حقیقی نقط نظر برطانوی عوام تک اور برطانوی ایوانوں تک پہنچایا جائے گا۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان جو کہ ان دنوں آزادجموں وکشمیر اور پاکستان کا نجی دورہ کر رہے ہیں وہ بھی اگلے چند دنوں میں واپس برطانیہ روانہ ہو جائیں گے تاکہ برطانیہ میں وہ اپنی تحریکی ٹیم کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو برطانوی انتخابات کے دوران انتہائی مضبوط اور جاندار انداز میں اجاگر کرنے کے حوالہ سے مختلف سرگرمیوں میں عملی طور پر حصہ لے کر اہم ترین کردار ادا کر سکیں۔ برطانیہ روانگی سے قبل راجہ نجابت حسین مختلف سیاسی، سماجی، کاروباری، خواتین اور یوتھ تنظیموں کے راہنماں خصوصا اپنی تحریک کے عہدیداروں کو برطانیہ کا دورہ کر نے کی دعوت دیں گے تا کہ وہ برطانیہ آئیں اور برطانیہ کے عام انتہائی شفاف انتخابات کے انتخابی عمل کا بغور مشاہدہ کریں اور برطانیہ کے مختلف حلقوں میں جہاں جہاں ان کا اثر و رسوخ موجود ہے وہ کشمیر دوست اراکین پارلیمنٹ اور کشمیر دوست امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھی عملی طور پر حصہ لیں اور وہاں اس بات کا بھی اہتمام کریں کہ مسئلہ کشمیر کو ان انتخابات کے دوران اعلی سطح تک پہنچانے میں اور بین الا قوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایک متحرک کردار ادا کیا جا سکے۔