اپوزیشن رہنماؤں نے ہمیشہ قومی اتحاد،یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی:عثمان بزدار


لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے جاری سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے۔حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے اور ساڑھے 3 برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اپوزیشن رہنماؤں نے ہمیشہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات کو پس پشت ڈال کراپوزیشن نے منفی سیاست کی اور اپنی ساکھ کو تباہ کیا۔ پاکستان کو اس وقت اتحاد کے ذریعے ہی آگے لے جایا جاسکتا ہے۔ وطن کی مٹی ہم سے ذاتی اختلافات چھوڑ کر ایک ہونے کا تقاضا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اپوزیشن قومی یکجہتی کے منافی ایجنڈا لے کر چل رہی ہے۔ اپوزیشن صرف انتشار پھیلا کر ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔انہیں پتہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کی حمایت حاصل ہے اور 2023 کے بعد بھی عوام کی حمایت سے تحریک انصاف دوبارہ اقتدارمیں آئے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کاپامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت اور قومی ترقی کے مشن پر عمل پیرا ہے