اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے مشروبات بنانے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی،وفد کے ارکان نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، وفد نے آگاہ کیا کہ بین الاقوامی مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے پاکستان میں 25 کے قریب کارخانے ہیں جن میں 1 لاکھ 30 ہزار لوگوں کو براہ راست روزگار فراہم کیا جاتا ہے.
وفد نے وزیرِ اعظم کو کمپنیوں کی جانب سے ملک میں ری سائیکلنگ کے سب سے بڑے نظام کے حوالے سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بتایا کہ یہ کمپنیاں ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں ہر برس خطیر حصہ ادا کرتی ہیں، وزیرِ اعظم نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ملک میں روزگار کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے حکومت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہاکہ خوش آئند امر ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں.
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی کمپنیاں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبیلیٹی (CSR) کے تحت سرگرمیوں سے اپنا مثبت کردار ادا کریںوزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو بین الاقوامی کمپنیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد انکے مسائل کا حل جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی،
ملاقات میں کوکاکولا پاکستان و افغانستان کے نائب صدر وولکان اونگچ (Volkan Onguc)، محمد کھوسہ سی ای او پیپسی کو پاکستان و افغانستان کی قیادت میں وفد نے شرکت کی. وفاقی وزرا جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلی حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔