لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے موجودہ حالات کوپس پشت ڈال کر منفی سیاست کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے ہمیشہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تحریک انصاف سال 2023 کے بعد بھی عوامی حمایت سے اقتدار میں آئے گی۔ پاکستان کو اس وقت اتحاد کے ذریعے ہی آگے لے جایا جاسکتا ہے- وطن کی مٹی ہم سے ذاتی اختلافات چھوڑ کر ایک ہونے کا تقاضا کررہی ہے ،بد قسمتی سے اپوزیشن قومی یکجہتی کے منافی ایجنڈا لے کر چل رہی ہے
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو پس پشت ڈال کر اپوزیشن نے منفی سیاست کی اور اپنی ساکھ کو تباہ کیا۔ اپوزیشن صرف انتشار پھیلا کر ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کی حمایت حاصل ہے
انہوں نے کہا کہ 2023کے بعد بھی عوام کی حمایت سے تحریک انصاف دوبارہ اقتدارمیں آئے گی، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کاپامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت اور قومی ترقی کے مشن پر عمل پیرا ہے۔