لاہور(صباح نیوز) پاکستان ریلوے نے تیز گام ایکسپریس میں پریمیم لانج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا، چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے لاہور ریلوے سٹیشن پر نئی ڈائننگ کار کا افتتاح کیا جو 20 مئی سے تیز گام ایکسپریس میں لگائی جائے گی۔ نئی ڈائننگ کار میں بیٹھنے کی جگہ کو مسافروں کی ڈیمانڈ پر مزید کشادہ کیا گیا ہے۔ پریمیم لانج ڈائننگ کار میں ایک وقت میں 35 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔ کار میں 40 سے زائد کھانے موجود ہوں گے جن میں سوپ، برگر، پیزا، کڑاہی، سینڈوچ، پراٹھا رول، فرنچ فرائز، بریانی بھی شامل ہیں۔اس سے قبل بہاوالدین زکریا ایکسپریس میں پریمیم لانج ڈائننگ کار لگائی گئی تھی۔ زکریا ایکسپریس میں کامیابی پر نئی ڈائننگ کار کا دائرہ کار بڑھایا گیا۔
پریمیم لانج کی مقبولیت کے پیشِ نظر اگلے چند ہفتوں میں اسے خیبر میل اور علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی لگا دیا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ نئی ڈائننگ کار کے اضافے سے مسافروں کا سفری تجربہ پہلے سے بہت بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے آمدن 70 ارب سے بھی زائد ہو چکی اور امسال ہم ٹارگٹ سے 7 ارب زیادہ کما چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ریلوے آمدن کے ثمرات سہولیات میں بہتری کی صورت مسافروں تک پہنچائیں گے۔عامر بلوچ نے کہا کہ واش رومز میں بہتری کیلیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں راولپنڈی، ملتان اور لاہور اسٹیشنز پر ایگزیکٹو واش رومز بنا رہے ہیں جو یکم جون کو فنکشنل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں صفائی ستھرائی کیلیے بھی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں، شکایات کی صورت میں سخت ترین ایکشن کیا جائے گا۔