ملتان(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پی ٹی آئی کے منشورکاحصہ ہے لیکن صوبہ بنانے کے لیے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر پی پی اور ن لیگ کی قیادت کو خط لکھے لیکن تاحال دونوں جماعتوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پی پی، ن لیگ چاہتے تو اپنے دورمیں جنوبی پنجاب صوبے کیلیے کچھ کرسکتے تھے لیکن دونوں جماعتیں اپنے دور اقتدار میں صوبہ تودرکنارسیکریٹریٹ بھی نہ بناسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے جب کہ اس حوالے سے جلد ہی مزید پیشرفت کررہا ہوں، جنوبی سیکریٹریٹ کے قیام سے یہاں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی، وہ کبھی صدارتی نظام تو کبھی اسمبلیوں کے خاتمے کی قیاس آرائیاں کرتی رہتی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے عوام کوریلیف ملے گا تاہم سندھ میں بلدیاتی نظام پراپوزیشن کی تمام جماعتوں کواعتراض ہے۔