اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کو5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے سمیت اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے۔ وزارت اقتصادی امورکے ترجمان نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ ترکیہ کے سفیر مہمت پکاسی نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سے پیرکویہاں ملاقات کی۔
ملاقات میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وفاقی وزیر نے ترکیہ کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی جو کہ مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافتی وابستگی پر استوارہے ۔ وفاقی وزیر نے 12 اگست 2022 کو سامان کی تجارت کے معاہدے/ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کو اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے اسے سراہا ہے۔
انہوں نے ترکیہ کے سفیرکو پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے آگاہ کیا اورکہاکہ کونسل کا مقصد دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں خاص طور پر زرعی مشینری، آلات اور بڑے پیمانے پر کارپوریٹ فارمنگ میں ترکیہ کی سرمایہ کاری کے امکانات کاذکربھی کیا۔احدچیمہ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں امکانات کو مزید اجاگر کیا اور بین الحکومت اورنجی شعبہ کے ذریعے تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ترکیہ سفیر نے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔ ترکیہ کے سفیرنے اعلی سطح کے اسٹریٹجک تعاون کونسل اور سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے اور توانائی، بینکنگ، تجارت، ریلوے اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترکیہ کی خواہش کا اظہار کیا۔
فریقین نے دوطرفہ تجارت کے حجم کو5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے پر بھی گفتگو کو، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان میں ترکیہ بینک کی برانچ کے قیام کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے قریبی کام جاری رکھنے کے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔