سینئرصحافی قدرت اللہ چودھری کی نماز جنازہ ادا،مقامی قبرستان میں سپرد خاک


لاہور(صباح نیوز) سینئرصحافی،تجزیہ نگار اور گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر روزنامہ پاکستان قدرت اللہ چودھری کی نماز جنازہ ادا کر دی گئیں ،مرحوم کی نماز جنازہ افتخار پارک نزد گورنمنٹ بوائزہائی سکو ل ہربنس پورہ لاہور میں ادا کردی گئی ،نماز جنازہ میں سیاسی ،سماجی شخصیات کے علاوہ صحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بعد میں انھیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا،

سینئرصحافی قدرت اللہ چودھری چند ہفتے قبل کورونا کی عالمی وباء کا شکار ہو کر سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہے،کئی ہفتوں تک بیماری سے لڑنے کے بعد بدھ کی شام طبیعت زیادہ بگڑنے کے باعث انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جاملے،ان کی عمر73برس تھی ،مرحوم نے بیوہ کے علاقے دوبیٹے اور تین بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔

مرحوم لاہور پریس کلب کے لائف ممبر بھی تھے وہ پریس کلب لاہور کے کونسل ممبر صبغت اللہ چوہدری کے والد تھے، یاد رہے کہ قدرت اللہ چودھری گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ سے شعبہ صحافت سے منسلک رہے،وہ ”برسبیل تذکرہ”کے نام سے روزنامہ پاکستان میں کالم بھی لکھتے تھے،

اس کے علاوہ روز نامہ جنگ ،نوائے وقت ،سمیت مختلف میڈیا ہائوسز  میں اہم عہدوں پرفائز رہے ،، وہ جنگ یونین، لاہور پریس کلب اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم سے کارکن صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد بھی کرتے رہے ،ان کی جاندار تحریریں اور بے لاگ تجزیے سنجیدہ حلقوں میں بہت مقبول تھے ۔ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے قدرت اللہ چودھری کی وفات کو اصولی صحافت کا عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ قدرت اللہ چودھری کی رحلت سے ملکی صحافت کا ایک روشن باب بند ہو گیا ہے۔

انہوں نے دعاء کہ ہے کہ اللہ تعالی قدرت اللہ چوہدری کو  جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی  قدرت اللہ چودھری  کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، سردر عثمان بزدار نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اپنے بیان میں وزیر اعلی پنجاب نے  مرحوم کی شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قدرت ا للہ چوہدری کے انتقال سے صحافت کے ایک روشن اورتاریخ ساز عہد کا خاتمہ ہوا،

  قدرت ا للہ چوہدری مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے ذمہ دارانہ صحافت کو پروان چڑھایا،  ان کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔۔