کشمیریوں کے وسائل کی لوٹ مار کی جا رہی ہے محبوبہ مفتی


 سری نگر— پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں انتہائی جابرانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور علاقے کے حالات کے بارے میں ایک جعلی بیانیہ پیش کر رہی ہے۔

محبوبہ مفتی نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کے بھارتی دعوے بے بنیادہیں ، بھارت نے کشمیری نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد جیلوں میں ڈال رکھی ہے ، کشمیری سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا جا رہا ہے ، لوگوں کو شک کی نظروں سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر میں پیدا ہونے والی بجلی سبسڈی پر بھارتی شہروں کو فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کشمیری کو بہت زیادہ نرخوںپر دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جبر و ستم کا سلسلہ جار ی رکھے ہوئے ہے، کشمیریوں کو مسلسل بے اختیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انکے وسائل کی لوٹ مار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کی پی ڈی پی حقوق، وسائل اور شناخت کے خلاف جاری بھارتی حملوں کے خلاف اپنی لڑائی جمہوری طریقے سے جاری رکھے گی۔