لاہور ہائیکورٹ،پب جی کی بندش کیلئے درخواست دائر


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ میں آن لائن گیم پب جی کی بندش کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، یہ درخواست ایک شہری کی طرف سے دائر کی گئی ۔

عدالتِ عالیہ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان میں پب جی گیم کے منفی اثرات سے کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ گیم کے اثرات کے تحت لاہور میں ایک لڑکے نے ماں اور بہن، بھائیوں کو قتل کر دیا۔درخواست گزار نے کہا کہ پب جی کے استعمال سے نوجوان نسل کی ذہنی صحت اور زندگی کو خطرات ہیں، پاکستان میں آن لائن گیمز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوئی قانون نہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت میں آن لائن گیمز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے باقاعدہ قوانین وضع کئے گئے ۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ آن لائن گیم پب جی پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔