سوات (صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور سابقہ حکومتیں پاکستان میں تعلیم کے قتل عام میں ملوث ہیں، طلبہ پر تعلیم کے در وازہ بند کئے جارہے ہیں کیونکہ حقیقت میں تعلیمی ترقی پاکستانی حکمرانوں کی ترجیح میں شامل نہیں ایسے میں پاکستان کیسے ترقی کرے گا، سوات میں جہانزیب کالج کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے،صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت کو آٹھ سال ہوگئے ہیں لیکن ان آٹھ سالوں میں پی ٹی آئی نے ایک بھی ڈگری کالج کی تعمیرکی منظوری نہیں دی،9سال قبل سوات یونیورسٹی کے قیام کی منظوری ہوئی ہے لیکن تاحال سوات یونیورسٹی کہیں نظر نہیں آرہی،طلبہ کرائے کی عمارتوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جو نہایت ہی افسوسناک ہے،سوات یونیورسٹی کے قیام کو فوری طور پر ممکن بنایا جائے، پی ٹی آئی نے تعلیمی اداروں میں کچھ کا م کیا ہے تو وہ صرف فیسوں میں اضافہ ہے،ان کی وجہ سے سوات اور ملک بھر میں شرح خواندگی میں کمی آئی ہے کیونکہ انہوں نے حصول تعلیم کو مشکل بنا دیا ہے۔17 نومبر کو اسلامی جمعیت طلبہ پورے ملک سے طلبہ کو اکھٹا کرکے اسلام آباد میں تعلیم اور طلبہ کے حقوق کا مقدمہ لڑتے ہوئے اپنی نئی جد و جہد کا آغاز کریں گے،طلبہ کنونشن منعقد کرکے حکومت کو دکھائیں گے کہ پاکستان کا طا لب علم بیدار ہے اور پاکستان کی خوشحالی وترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشاط چوک مینگورہ میں حقوق طلبہ روڈ کارواں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،مزید کہا کہ پاکستان 74 سالوں میں ترقی نہ کرسکا اسکی واحد وجہ یہ ہے کہ پاکستان پر جو بھی برسراقتدار آیا یا مسلط کیا گیا ان کی ترجیح میں تعلیم کبھی نہیں رہا، ان 74 سالوں میں کوئی ایک سال ایسا نہیں گزرا کہ پاکستان کی حکومت نے تعلیم کیلئے 2.6 جی ڈی پی بجٹ سے زیادہ مختص کیا ہویہی وجہ ہے کہ آج پاکستان میں ناخواندگی ہے،بھوک و افلاس سے لوگ مر رہے ہیں، ضلع سوات میں جو تعلیمی ادارے والئی سوات کے دورمیں بنائے گئے تھے وہ آرٹ آف دی اسٹیٹ تھے اورپورے ریجن میں خواندگی کو فروغ دینے میں بے مثال تھے لیکن آج سوات کی سات تحصیلوں میں صرف چار تحصیلوں میں ڈگری کالجز موجو د ہیں ، کالام،بریکوٹ اور دیگر تحصیلوں کے طالب علم مینگورہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے مجبور ہیںجسکی وجہ سے مینگورہ شہر میں کالجز اور ہاسٹلوں کا کاروبار زور و شور سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ حقوق کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ میدان عمل میں کود پڑی ہے اور طلبہ کے حقوق لے کر ہی دم لیں گے،17نومبر کوپورے ملک سے طلبہ کا سیلاب اسلام آباد میں تعلیم اور طلبہ کے حقوق کا مقدمہ لڑنے کیلئے اکھٹا ہوگا،حقو ق طلبہ کارواں سے کلیم اللہ ناظم صوبہ،محمدامین امیر جماعت اسلامی مینگورہ شہر،جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سوات خالد فاروق،حبیب اللہ ثاقب،حافظ محمد یحییٰ ناظم مقام مینگورہ شہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔