100 روپے “جرمانہ “دیں اور مین یونیورسٹی روڈ پر ٹھیلا لگائیں

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع شرقی کی پبلک ایڈز کمیٹی کے صدر فواد بنگش نے یونیورسٹی روڈ پر شیخ زید سنٹر سے صفورا چورنگی تک روزانہ ٹریفک جام پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے بجٹ پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد صفورا ٹاون کی قابض انتظامیہ نے صرف ایک سو روپے روزانہ کے عوض یونیورسٹی روڈ پر ٹھیلے لگانے کی اجازت دے دی ہے ۔

یونیورسٹی روڈ کے ایم سی کے زیر انتظام ہے مگر کے ایم سی کے حکام نے بھی پیپلز پارٹی کا ٹان چیئرمین ہونے کے باعث خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیلے والوں کو روزانہ سو روپے جرمانے کا چالان بیٹرز کے زریعے جاری کیا جاتا ہے جس کی بنیاد پر یونیورسٹی روڈ اور سروس روڈ روڈ پر ٹھیلے کھڑے کیے جاتے ہیں ۔ یونیورسٹی روڈ پر شیخ زید سنٹر سے صفورا چورنگی جاتے ہوئے ایک لین پر ٹھیلے اور دوسری لین پر ٹھیلے سے خریداری کرنے والوں کی گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں ۔

صرف ایک لین پر ٹریفک چل رہی ہوتی ہے ۔ جبکہ ریڈ لائن کے لئے کھدائی کے باعث پہلے ہی مرکزی شاہراہِ مختصر ہوگئی ہے ۔ اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔انہوں نے چیف جسٹس اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہریوں کو اذیت سے نجات دلائی جائے ۔