لاہور (صباح نیوز) سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ظلم وناانصافیوں کے خلاف اورعدل وانصاف کے عادلانہ نظام کے لیے جدوجہد کرنا جہاد ہے۔جماعت اسلامی اپنے قیام کے روزاول سے اللہ کی دھرتی پراللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر ہی ہے۔سندھ میں ڈاکو راج، غربت وافلاس اورظالم ڈیرہ شاہی کاتسلط فرسودہ نظام کانتیجہ اورخوف خدارکھنے والی قیادت کافقدان ہے۔استحصالی نظام وسندھ کی خوشحالی سمیت مسائل سے نجات کے لیے عوام دیندارودیانتدارقیادت کوآگے لائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے رہنما اورمرکزی مشاورتی کونسل کے رکن چیف سردارزبیرخادم سولنگی کی قیادت میں منصورہ لاہور میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ سراج الحق نے مزید کہاکہ لوگوں نے تمام نظام،خاندانوں اورپارٹیوں کوآزما لیا ہے مگرعوام کو سبز باغ دکھانے مہنگائی بیروزگاری،قرضوں کی معیشت اورآئی ایم ایف کی غلامی کے سوا کچھ بھی نہیں ملا ہے۔مصنوعی وجعلی قیادت ونظام نے ملک وقوم کو مسائل کے دلدل میں دھکیلا ہے۔
اسلام کا عادلانہ نظام اورخوف خدارکھنے والی قیادت ہی ملک کو سیاسی معاشی بحران اورعوام کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔سابق امیرنے وفد پرزوردیا کہ وہ سندھ کے عوام کو بیدار اوربتائیں کہ حل صرف جماعت اسلامی ہے۔قومی انتخابات میں حیدرآباد سے قومی اسمبلی کے امیدوار سردارزبیر سولنگی نے سابق امیرکو سندھ میں بدامنی،کسانوں کیساتھ ظلم ونانصافی اور سیاسی سماجی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔