مسلسل بارشوں کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے،میرواعظ محمد عمر فاروق


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس  کے رہنمامیرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر کے شمال و جنوب اور خطہ چناب کے بیشتر علاقوں میں قہر انگیز اور مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ آفات سماوی سے نجات کیلئے اللہ تبارک و تعالی کے حضور مساجد ، درگاہوں ،خانقاہوں ، آستانوں اور امام باڑوں میں خصوصی دعاں کا اہتمام کریں۔

اس دوران میرواعظ نے ان تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم ان مہمان سیاحوں کے رشتہ داروں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔میرواعظ نے تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں ہوئے جانی و مالی نقصان، گگن گیر سونہ مرگ میں پانچ سیاحوں کے جاں بحق ہونے اور کئی افراد کے لاپتہ ہونے، سوپور میں ایک کمسن بچے کے غرقآب اور شمالی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں درجنوں دیہات کے زیر آب آنے ، ہزاروں افراد کے بے گھر ہونے اور جنوبی کشمیر میں برفباری سے میوں کی فصلوں کو ہوئے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزمائش کی ان گھڑیوں میں ضرورت اس بات کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کیلئے من حیث القوم سب لوگ خاص طور پر صاحب ثروت افراد آگے آکر حتی المقدور ان افراد کی امداد کی کوشش کریں۔